SOURCE :- BBC NEWS
،تصویر کا ذریعہGetty Images
4 گھنٹے قبل
مطالعے کا وقت: 5 منٹ
وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر شرط لگا کر چار لاکھ امریکی ڈالر کمانے والے امریکی فوجی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفتیش کاروں کے مطابق گینن کین وان ڈائک نامی اہلکار نے پورٹل پولی مارکیٹ پر یہ شرط لگائی تھی کہ وینزویلا کے صدر جلد اقتدار سے محروم ہو جائِں گے۔ یہ اہلکار وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کے لیے کیے گئے امریکی فوج کے خصوصی آپریشن کا حصہ تھے۔
تحقیق کاروں کے مطابق، گینن کین وان ڈائک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مادورو کی گرفتاری کے اعلان سے محض چند گھنٹے قبل اس پیشگوئی والے پورٹل پر 33 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ کی شرط لگائی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق امریکی فوجی نے اس کارروائی کے رکن کی حیثیت سے اندرونی معلومات کا استعمال کرتے ہوئے مادورو سے متعلق پیشگوئی کی اور اس طرح چار لاکھ نو ہزار امریکی ڈالر سے زائد کا خالص منافع کمایا۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
شرط لگانے کا وقت فوری طور پر توجہ کا مرکز بنا اور اس بات کی جانچ کے لیے کئی ماہ پر محیط تفتیش شروع ہوئی کہ آیا اس کے لیے اندرونی معلومات استعمال کی گئی تھیں یا نہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ ’آج کا اعلان واضح کرتا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ایف بی آئی ملک کے دفاع اور قومی رازوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہر اقدام کرے گی۔‘
قائم مقام اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش کا کہنا ہے کہ ’وردی میں موجود ہمارے مرد و خواتین کو اپنی ذمہ داری مؤثر اور محفوظ طریقے سے ادا کرنے کے لیے خفیہ معلومات سونپی جاتی ہیں اور انھیں اس انتہائی حساس معلومات کو ذاتی مالی فائدے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔‘
ثبوت مٹانے کی کوشش
وان ڈائک پر ایسے الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں ذاتی فائدے کے لیے خفیہ معلومات کا غیر قانونی استعمال، غیر عوامی سرکاری معلومات کی چوری، کموڈیٹی فراڈ اور وائر فراڈ شامل ہیں۔
تحقیق کاروں کے مطابق، وان ڈائک نے پولی مارکیٹ پر اپنے اکاؤنٹ کو حذف اور کرپٹو کرنسی ایکسچینج اکاؤنٹ میں درج ای میل ایڈریس کو تبدیل کر کے ان بڑی مالی لین دین کے شواہد چھپانے کی کوشش کی، جہاں اس نے پولی مارکیٹ سے حاصل کی گئی رقم منتقل کی تھی۔
الزامات میں کہا گیا ہے کہ ڈانک پر لازم تھا کہ وہ معلومات کو محفوظ رکھتے، لیکن اُنھوں نے اسے ذاتی فائدے کے لیے بیٹنگ مارکیٹ میں لین دین کے لیے استعمال کیا۔
گرفتار کیے گئے فوجی کی تصویر اس جنگی جہاز پر لی گئی تھی جس پر مادورو کو گرفتاری کے بعد منتقل کیا گیا تھا۔
،تصویر کا ذریعہMiguel J. Rodríguez Carrillo / Getty

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ اعلان کیے جانے سے محض چند گھنٹے قبل کہ مادورو کو ’آپریشن ریزولوشن ابسولوتا‘ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جس کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں وان ڈائک نے حصہ لیا۔
اُنھوں نے مبینہ طور پر پولی مارکیٹ پر اس بات پر متعدد شرطیں لگائیں کہ آیا مادورو کو 31 جنوری سے پہلے منصب سے ہٹا دیا جائے گا اور آیا امریکہ وینزویلا پر حملہ کرے گا۔
استغاثہ نے بتایا کہ انھیں وردی میں رائفل سے لیس یو ایس ایس آئیوو جیما کے عرشے پر دیکھا گیا تھا، وہی جہاز جس پر مادورو کو گرفتاری کے بعد منتقل کیا گیا۔
پولی مارکیٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں اکاؤنٹ بنانے والے ایک تاجر نے وینزویلا پر امریکی حملے اور مادورو کی گرفتاری سے متعلق چار پیشگوئیوں پر 33 ہزار 933 امریکی ڈالر کی شرط لگائی۔ ان میں سے سب سے بڑی شرط 32 ہزار 537 امریکی ڈالرز کی تھی کہ مادورو 31 جنوری سے پہلے منصب چھوڑ دیں گے نے 1242 فیصد منافع کمایا جو چار لاکھ چار ہزار 222 امریکی ڈالر کے برابر تھا۔
پولی مارکیٹ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کمپنی نے مشتبہ شرطوں کی اطلاع محکمۂ انصاف کو دی اور تفتیش میں تعاون کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اندرونی معلومات کی غیر قانونی تجارت پولی مارکیٹ میں قابلِ قبول نہیں۔ آج کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ نظام کام کرتا ہے۔‘
پولی مارکیٹ کا عروج
نکولس مادورو کو تین جنوری کو امریکی فورسز نے گرفتار کیا تھا اور انھیں منشیات دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے امریکی سرزمین پر منتقل کیا گیا۔
وان ڈائک کے کیسز نے پولی مارکیٹ اور مستقبل کے ممکنہ منظرناموں پر شرط لگانے والے دیگر پلیٹ فارمز کے گرد تنازع کھڑا کر دیا ہے، جو حالیہ عرصے میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔
ایک اور معاملے میں ایران پر حملوں سے متعلق شرطوں میں پانچ لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر جیتے جن کے نتیجے میں ملک کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای ہلاک ہو گئے تھے۔
SOURCE : BBC



