SOURCE :- BBC NEWS
،تصویر کا ذریعہGetty Images
6 گھنٹے قبل
مطالعے کا وقت: 5 منٹ
پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ میں 15 فروری کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی اور اس میچ میں ہمیشہ کی طرح تماشائیوں کی بے انتہا دلچسپی نظر آرہی ہے۔
اس دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ کی تمام ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں اور ایئرلائنز نے ٹکٹس کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔
دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کی ابتدا سے قبل ہی بین الاقوامی خبروں میں تھیں، جس کی وجہ بنگلہ دیش کے معاملے پر پاکستان کا انڈیا سے میچ کھیلنے سے انکار تھا۔ تاہم بعد میں سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے قائل کر لیا۔
’انڈیا سے دوست فون کر کے ٹکٹس مانگ رہے ہیں‘
اس میچ کے ٹکٹس کی خریداری میں تماشائی گہری دلچسپی لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تاہم آر پریماداسا سٹیڈیم میں صرف 28 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اس میچ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
بی بی سی نیوز سنہالا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک کرکٹ تماشائی درشنا چمندا کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے دوست اتوار کو ہونے والے اس میچ کا ایک بھی ٹکٹ خریدنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا اور پاکستان کا میچ دیکھنا مجھے بہت پسند ہے۔ ایسا شاز و نادر ہی ہوتا ہے کہ ہم سٹیڈیم جائیں اور اطراف کے ماحول سے لطف اندوز نہ ہوں۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
’مجھے لگا تھا کہ اس بار ہمیں میچ دیکھنے کا موقع ملے گا، مگر ہم ایک بھی ٹکٹ نہیں حاصل کر سکے۔ ٹکٹ کی فروخت آن لائن شروع ہوئی تھی اور جب میں نے تلاش کیا تو مجھے کوئی ٹکٹ نہیں ملا۔‘
کولمبو کے ایک اور رہائشی کا کہنا تھا کہ انڈیا میں مقیم ان کے دوست اس میچ کے ٹکٹس کی درخواست کر رہے ہیں لیکن وہ اب تک اس میچ کا ایک بھی ٹکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔
’آن لائن ٹکٹس تمام فروخت ہو چکے ہیں اور انڈیا میں میرے دوست کہہ رہے ہیں کہ میں یہاں ٹکٹ خرید لوں۔ کم از کم 20 لوگ مجھے اب تک اس میچ کے ٹکٹس خریدنے کی درخواست کر چکے ہیں۔‘
’ٹکٹس کی 88 ہزار درخواستیں‘
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک رکن نے بی بی سی نیوز سنہالا کو تصدیق کی ہے کہ انھیں اب تک ٹکٹس کے حوالے سے 88 ہزار انکوائریز موصول ہو چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’سٹیڈیم میں 28 سے 30 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ اس میچ کو دیکھنے زیادہ تر پاکستانی اور انڈین شہری ہی آئیں گے۔ اس میچ میں بہت دلچسپی ہے۔‘
دوسری جانب حکومتی کابینہ کے میں شامل وزیر نلندا جیاتسا کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے اس میچ کے سبب سٹیڈیم کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔
ان کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے پہلے یہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں سری لنکا اور دیگر فریقین کی مداخلت پر اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا۔
جہازوں کی ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ
یہاں قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کی وجہ سے انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ایئر ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
13 فروری سے 16 فروری کے درمیان نئی دہلی سے کولمبو آنے والی پروازوں کے ایک ٹکٹ کی قیمت 76 ہزار سے ایک لاکھ انڈین روپے کے بیچ میں ہے۔
اسی طرح سری لنکن ایئر لائنز اور انڈیگو کے ایک ٹکٹ کی قیمت 60 ہزار سے 1 لاکھ 11 ہزار انڈین روپے کے بیچ میں ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹکٹس کی فروخت
بی بی سی نیوز سنہالا کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اس میچ کے لیے مزید 5 ہزار ٹکٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک افسر نے تصدیق کی ہے کہ تقریباً 5 ہزار نئے ٹکٹس فروخت کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے میچ کے ٹکٹس کئی ہفتوں سے آن لائن فروخت کے لیے موجود تھے۔ اب ہم پانچ ہزار مزید ٹکٹ آن لائن جاری کریں گے۔‘
بی بی سی نیوز سنہالا نے بورڈ کے افسر سے جب ٹکٹوں کی قیمتوں کے بارے میں پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ: ’وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 50 ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے پاس 25 ہزار، 20 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار کے ٹکٹس بھی موجود ہیں۔‘
SOURCE : BBC



