Home LATEST NEWS urdu تازہ ترین خبریں چوروں نے ’بریک‘ لے لی: 12 ٹن کٹ کیٹ چاکلیٹ سے لدا...

چوروں نے ’بریک‘ لے لی: 12 ٹن کٹ کیٹ چاکلیٹ سے لدا ٹرک لاپتہ

4
0

SOURCE :- BBC NEWS

کٹ کیٹ چاکلیٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

3 گھنٹے قبل

مطالعے کا وقت: 4 منٹ

یورپ میں گذشتہ ہفتے 12 ٹن کٹ کیٹ چاکلیٹ بارز لاپتہ ہو گئیں۔

کٹ کیٹ بنانے والی کمپنی نیسلے کے مطابق چور اُس ٹرک کو ہی لے اڑے جس کے ذریعے چاکلیٹس کو منتقل کیا جا رہا تھا۔

اپنے بیان میں نیسلے نے بتایا کہ ٹرک پر نئی طرز کی چار لاکھ 13 ہزار 793 چاکلیٹ بارز لادی گئی تھیں۔

وسطی اٹلی سے روانہ ہونے والے اس ٹرک کے ذریعے پورے یورپ تک چاکلیٹس پہنچائی جانی تھیں۔

لیکن وہ ٹرک پولینڈ میں اپنی آخری منزل تک نہیں پہنچ سکا۔۔۔ گاڑی اور اس پر لدا مال، دونوں ہی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

کٹ کیٹ کی جانب سے بیان

،تصویر کا ذریعہx.com/KITKAT

نیسلے نے یہ نہیں بتایا کہ ٹرک کس مقام پر چوری ہوا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نیسلے کا کہنا ہے کہ وہ مقامی حکام اور اور سپلائی چین کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق: ’اچھی خبر یہ ہے کہ(چاکلیٹس کی) سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک الگ بیان میں کٹ کیٹ نے بتایا کہ چوری شدہ بارز کو ایک منفرد بیچ کوڈ کے ذریعے ٹریس کیا جا سکتا ہے۔

جو بھی شخص چوری شدہ چاکلیٹ کے بیچ نمبرز سکین کرے گا، اسے کٹ کیٹ سے رابطہ کرنے کے طریقۂ کار کی ہدایات موصول ہوں گی۔

کٹ کیٹ نے کہا ہے کہ ’اگرچہ ہم مجرموں کے اعلیٰ ذوق کی قدر کرتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ کارگو کا چوری ہونا تمام ہی کاروباروں کے لیے بڑھتا ہوا مسئلہ ہے۔‘

سوشل میڈیا پر تبصرے

چاکلیٹ چوری کی اس خبر پر سوشل میڈیا صارفین بھی طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ کاروباری کمپنیاں اسے اپنی مارکیٹنگ کے لیے بھی استعمال کر رہی ہیں۔

پیزا بنانے والی کمپنی ڈومینوز کی برطانوی برانچ نے ’کٹ کیٹ پیزا‘ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں ’ڈومینوز یو کے‘ کا کہنا تھا: ’حالیہ افسوسناک خبر پر ہم کٹ کیٹ کے غم میں شریک ہیں۔ مگر ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں کہ اب ہم نیا کٹ کیٹ پیزا بنائیں گے۔‘

اسی پوسٹ کے کمنٹس میں ڈومینوز یو کے نے لکھا: ’قانونی وجوہات کی بنا پر (یہ بتانا ضروری ہے کہ) یہ مذاق تھا۔‘

ڈومینوز یو کے نے کٹ کیٹ پیزا بنانے کا اعلان کر دیا

،تصویر کا ذریعہx.com/Dominos_UK

’اوم نوم‘ ایک ایسا اینی میٹڈ کارٹون کیریکٹر ہے جس کے یو ٹیوب چینل پر 53 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔ اس کیریکٹر سے منسوب ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’اسے ٹافیاں بہت پسند ہیں۔‘

چوری سے متعلق کٹ کیٹ کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے ’اوم نوم‘ سے منسوب ایکس اکاؤنٹ نے لکھا: ’سرکاری اعلان! اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔‘

اوم نوم سے منسوب اکاؤنٹ کی جانب سے ایکس پوسٹ

،تصویر کا ذریعہx.com/Cut_The_Rope

کٹ کیٹ اپنی تشہیر کے لیے یہ جملہ استعمال کرتی ہے: ’وقفہ لیں، کٹ کیٹ کھائیں۔‘

یعنی ’Have a break, have a KitKat۔‘

کئی صارفین تبصروں میں اسی جملے اور بریک کے لفظ کو مزاحیہ انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔ کسی نے لکھا کہ ’شاید چوروں نے بریک کو زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا۔‘

ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ’بریک‘ کی تو بات نہیں کی جا رہی تھی۔

مسٹر سنہا کمنٹری نامی ایک اکاؤنٹ نے کٹ کیٹ سے بھری فریج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’آپ کی کٹ کیٹ تو میرے پاس ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہx.com/mr_chhinra_

اویس سلیم نامی صارف نے لکھا: ’کسی کو کٹ کیٹ واقعی بہت پسند تھی اور اسے حاصل کرنے کے لیے حد سے بڑھ گیا۔‘

سنہا کمنٹری نامی ایک اکاؤنٹ نے کٹ کیٹ سے بھری فریج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’آپ کی کٹ کیٹ تو میرے پاس ہے۔‘

SOURCE : BBC