Home LATEST NEWS urdu تازہ ترین خبریں علی رضا اور ویبھو سوریاونشی: پی ایس ایل اور آئی پی ایل...

علی رضا اور ویبھو سوریاونشی: پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سب سے کم عمر کھلاڑیوں کی دھوم

6
0

SOURCE :- BBC NEWS

علی رضا اور  ویبھو سوریاونشی

،تصویر کا ذریعہIPL/PSL

4 گھنٹے قبل

دنیا کے کسی بھی کونے میں نوجوان کرکٹرز کی عمدہ کارکرگی اکثر لوگوں کی توجہ حاصل کر لیتی ہے اور اس کی حالیہ مثال دو ایسے نام ہیں جو پڑوسی ملک پاکستان اور انڈیا میں چھائے ہوئے ہیں۔

یہاں بات ہو رہی ہے پاکستان کے 17 سالہ فاسٹ بولر علی رضا اور انڈیا کے 14 سالہ بلے باز ویبھو سوریاونشی کی۔ جہاں 14 سالہ سوریاونشی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے والے سب سے کم عمر کرکٹر ہیں تو وہیں 17 سال کے علی رضا نے بھی رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چند میچوں میں شائقین کو متاثر کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین گذشتہ روز سے ویبھو سوریاونشی کے آئی پی ایل کیریئر کی پہلی گیند پر چھکے اور علی رضا کی چار بڑی وکٹوں کی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ کو داد دے رہے ہیں۔

17 سالہ فاسٹ بولر کا پشاور زلمی کی جیت میں کلیدی کردار

پی ایس ایل 10 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دی جو کہ اس لیگ کی تاریخ میں سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔

زلمی کے تیسرے میچ میں بھی ویسے تو بابر اعظم کی بلے بازی نہ چل سکی مگر اس میچ میں ساری توجہ دوسری اننگز کے دوران نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کی طرف مرکوز رہیں۔

علی رضا

،تصویر کا ذریعہPSL

انھوں نے محض 21 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جن میں کامران غلام، مائیکل بریسویل، ایشٹن ٹرنر اور افتخار احمد ان کا شکار بنے۔ یہ چاروں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے بلے باز ہیں۔

17 سال کی عمر میں فاسٹ بولر علی رضا نے مسلسل 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی۔ ان کی ایک ایسی ہی تیز گیند نے کریز پر پہلی گیند کا سامنا کرنے والے ایشٹن ٹرنر کو بولڈ کر دیا تھا۔

علی رضا نے گذشتہ سال پاکستان کی طرف سے 2024 کا انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 15 سال تھی اور انھوں نے تین میچوں میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں انھوں نے 34 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں مگر بدقسمتی سے پاکستان یہ میچ ہار گیا تھا۔

چھ فرسٹ کلاس میچوں میں علی رضا کے پاس 20.5 کی اوسط سے 32 وکٹیں ہیں۔ جبکہ 11 لسٹ اے میچوں میں ان کی 17 وکٹیں ہیں۔

رواں سال پشاور زلمی نے پی ایس ایل ڈرافٹ میں علی رضا کو ایمرجنگ کیٹگری میں ریٹین کیا تھا۔ انھوں نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں پہلی بار 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ان کی تاریخ پیدائش 18 مارچ 2008 ہے اور ان کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے۔ انھیں دسمبر 2024 کے دوران بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی ٹیم چٹاگونگ کنگز نے بھی سائن کیا تھا۔

اس سے قبل 19 سالہ قاسم اکرم نے 2022 میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف نصف سنچری بنائی تھی۔

علی رضا

،تصویر کا ذریعہX

ویبھو سوریاونشی: آئی پی ایل کے سب سے کم عمر کھلاڑی

14 سالہ ویبھو سوریاونشی انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے پہلے ہی میچ کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

انھوں نے راجستھان رائلز کے لیے اوپنگ کی۔ اس میچ میں ان کی ٹیم کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف دو رن سے شکست ہوئی۔

ویبھو سوریاونشی

،تصویر کا ذریعہIPL

مواد پر جائیں

بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

سوریاونشی نے انڈیا کی قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر کو پہلی ہی گیند پر چھکا لگایا۔ اس میچ میں انھوں نے محض 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنی تیسری گیند پر بھی چکا لگایا۔ اس اننگز میں ان کے تین چھکے اور تین چوکے تھے۔

سوریاونشی گذشتہ ماہ 14 سال کے ہوئے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ سال آئی پی ایل کی نیلامی میں 1.1 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا۔ وہ جارحانہ انداز میں سیدھا کھیلتے ہیں اور اس میچ میں ان کی انڈین قومی ٹیم کے اوپنر یشوشی جیسوال کے ساتھ 85 رنز کی شراکت تھی۔

نوجوان کھلاڑی کو بالآخر جنوبی افریقہ کے بولر ایڈن مارکرم نے نویں اوور میں سٹمپ آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آئی پی ایل میں سب سے کم عمر کھلاڑی کا خطاب سپنر پریاس رائے برمن کے پاس تھی جنھوں نے 2019 میں رائل چیلنجرز بینگلور کے لیے 16 سال 154 دن کی عمر میں صرف ایک میچ کھیلا تھا۔

سوریاونشی اور جیسوال کے بیچ شراکت کی بدولت راجستھان 181 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں تھی۔ مگر جیسوال 18ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے جس کے بعد لکھنؤ کے آویش خان نے ڈرامائی انداز میں اپنے آخری اوور میں نو رنز کا دفاع کر لیا۔

سوریاونشی

،تصویر کا ذریعہX

راجستھان کو آخری گیند پر چوکا درکار تھا مگر وہ ناکام رہے اور ان کی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز پر تمام ہوگئی۔

گذشتہ سال آئی پی ایل کی نیلامی کے دوران سوریاونشی اس لیگ کے لیے سائن کیے گئے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے تھے۔

گذشتہ سال اکتوبر کے دوران انھوں نے انڈیا کی انڈر 19 ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے یوتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ اس وقت ان کی عمر محض 13 برس تھی۔

وہ گذشتہ سال انڈیا کے انڈر 19 ایشیا کپ سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔ انھوں نے 44 کی اوسط سے 176 رنز بنائے تھے۔

انھوں نے ریاست بہار کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ بہار میں پلے بڑھے اور گذشتہ سال 12 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا۔

انھوں نے بہار کے لیے رنجی ٹرافی کے پانچ میچز بھی کھیلے ہیں۔

SOURCE : BBC