Home LATEST NEWS urdu تازہ ترین خبریں امریکہ ایران مذاکرات: اسلام آباد کا فائیو سٹار ہوٹل حکومتی تحویل میں،...

امریکہ ایران مذاکرات: اسلام آباد کا فائیو سٹار ہوٹل حکومتی تحویل میں، جڑواں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بھاری ٹریفک معطل

12
0

SOURCE :- BBC NEWS

Islamabad

،تصویر کا ذریعہGetty Images

17 اپريل 2026

اپ ڈیٹ کی گئی 3 گھنٹے قبل

مطالعے کا وقت: 5 منٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ان کی ٹیم کل اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ اگرچہ ایران کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔

اتوار کو اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل میریٹ کی انتظامیہ نے اپنے مہمانوں کو اتوار کی دوپہر تین بجے تک ہوٹل خالی کرنے کی ہدایت کی تو دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام کے ڈپٹی کمشنرز نے اتوار سے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ تاحکم ثانی معطل رہنے کا حکم دیا۔

میریٹ ہوٹل کے جنرل مینیجر کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان نے ایک اہم ایونٹ کے لیے اتوار کی دوپہر تین بجے سے پورا ہوٹل حاصل کر لیا ہے۔ لہذا تمام مہمان تین بجے تک ہوٹل چھوڑ دیں۔‘

نوٹس میں مہمانوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہوٹل انتظامیہ مہمانوں کے متبادل انتظام کے لیے اُن سے تعاون کرے گی۔

دوسری جانب امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کی میزبانی کرنے والے سرینا ہوٹل کی انتظامیہ نے بھی آئندہ چند روز کے لیے ریزرویشن بند کر دی ہے۔

بی بی سی کے اعظم خان نے ریزرویشن کے لیے جب اسلام آباد کے سرینا ہوٹل سے رُجوع کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز کے لیے ہوٹل میں کوئی کمرہ دستیاب نہیں۔

نور خان ائربیس کے قریب جتنی بھی ہاوسنگ سوسائٹیز ہیں وہاں پر کرفیو جیسا لاک ڈاؤن ہے اور گلیوں پولیس اہلکاروں کی ایک قابل زکر نفری تعینات ہے۔

لوگوں کو اپنی نقل و حرکت کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے اور ان علاقوں میں قائم مارکیٹس کو بند کروایا جا رہا ہے۔

تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سکیورٹی انتظامات میں اضافہ

اسلام آباد میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ناکے لگائے جا رہے ہیں جن پر پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اسی طرح پنجاب سے بُلائی گئی پولیس کی اضافی نفری بھی اسلام آباد میں فرائض سرانجام دے گی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

اس سے قبل جمعے کو اسلام آباد پولیس نے وضاحت کی تھی کہ شہر کے تمام بس اڈے، بشمول فیض آباد، معمول کے مطابق کھلے ہیں اور ٹرانسپورٹ کی آمدورفت جاری ہے جبکہ قبل ازیں اڈوں کی بندش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلام یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 24 اپریل تک آن لائن کلاسز ہوں گی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈزون اور توسیعی ریڈزون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا۔ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جا سکتی ہے۔

مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری

@ICT_Police

،تصویر کا ذریعہ@ICT_Police

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے، جن کے تحت تھانہ کرپا، تھانہ سمبل، تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ کھنہ، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ بنی گالہ اور تھانہ ترنول کے علاقوں میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

جمعے کے روز آپریشنز کے دوران 712 افراد اور 1108 گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 182 دکانوں اور 32 ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ مزید برآں 381 موٹر سائیکلوں اور 141 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

کارروائی کے دوران 20 افغان باشندوں، 56 مشکوک افراد، 2 گاڑیوں اور 47 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف بور کے چار پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینیئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

@chemajournalist

،تصویر کا ذریعہ@chemajournalist

اسلام آباد انتظامیہ کے ایک اہلکار نے جمعے کو بی بی سی کو بتایا تھا کہ حکام کی جانب سے انھیں یہ ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ جمعرات کی رات گیارہ بجے وفاقی دارالحکومت میں واقع جتنے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے ہیں، ان کو بند کردیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی مدد سے تمام اڈے بند کروا دیے گئے تھے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے یہ اڈے فیض آباد، پیرودھائی، منڈی موڑ اور 26 نمبر چونگی پر واقع ہیں۔

اہلکار کے مطابق جس وقت اسلام آباد کی حدود میں ان اڈوں کو بند کیا جارہا تھا تو دوسری جانب راولپنڈی کی انتظامیہ بھی پولیس کی مدد سے ان کی حدود میں واقع اڈوں کو بند کروا رہی تھی۔

SOURCE : BBC